جولائی 6, 2026

ڈاکٹرز نے ذیابیطس کے دبلے مریضوں کیلئے وزن کم کرنے کے انجیکشنز کے فوائد اور نقصانات بتا دیے

ذیابیطس کے ماہر ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ وزن کم کرنے والے انجیکشنز صرف موٹاپے کے علاج کے لیے ہی نہیں بلکہ دبلے مریضوں کے خون میں بھی شوگر لیول کو بہتر انداز میں قابو کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں تاہم ان کا استعمال صرف ماہر ڈاکٹر کی نگرانی میں ہی ہونا چاہیے۔ماہرین برائے ذیابیطس نے کہا ہے کہ یہ (مونجارو، ویگووی، اوزیمپک) انجیکشن جسم میں ایسے ہارمون کی نقل کرتے ہیں جو بھوک کم کرنے، انسولین کے اخراج کو بہتر بنانے اور خون میں شوگر کی سطح کو متوازن رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔ماہرین کے مطابق یہ علاج وزن میں کمی، خون میں شوگر کے طویل مدتی اشاریے میں بہتری، دل کی بیماریوں کے خطرے میں کمی اور بعض مریضوں میں انسولین پر انحصار کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے، اگر علاج بغیر کسی بڑی پیچیدگی کے جاری رہے تو 88 ہفتوں میں نمایاں وزن کم ہونا بھی ممکن ہے۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بہت سے افراد کم جسمانی وزن کے باوجود ذیابیطس کا شکار ہو جاتے ہیں کیونکہ ان کے جسم میں اندرونی چربی زیادہ ہوتی ہے، اسی لیے بعض دبلے پتلے مریض بھی اس علاج سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، خاص طور پر وہ افراد جنہیں جگر میں چربی، بے قابو شوگر لیولز یا بعض ادویات برداشت نہ ہونے کا مسئلہ ہو۔ڈاکٹرز نے واضح کیا ہے کہ انجیکشن تجویز کرنے سے پہلے مریض کی عمر، قد اور وزن، دیگر بیماریوں اور ذیابیطس کی شدت کا مکمل جائزہ لیا جاتا ہے۔طبی ماہرین کے مطابق اس علاج کے دوران چند مضر اثرات بھی سامنے آ سکتے ہیں جن میں ضرورت سے زیادہ وزن کم ہونا، پٹھوں کی کمزوری یا کمی، متلی، قے، قبض، پیٹ پھولنا اور اسہال شامل ہیں۔اسی لیے ان انجیکشنز کے استعمال کے دوران مناسب پروٹین والی غذائیں اور طاقت بڑھانے والی ورزشیں ضروری سمجھی جاتی ہے۔تحقیقی رپورٹس کے مطابق بعض مریضوں میں کم ہونے والے مجموعی وزن کا 26 فیصد سے 45 فیصد حصہ چربی کے بجائے عضلاتی وزن بھی ہو سکتا ہے جس پر خصوصی توجہ دینا ضروری ہے۔ڈاکٹز نے خبردار کیا ہے کہ اگرچہ یہ خطرات کم ہوتے ہیں لیکن بعض افراد میں پتے کی بیماری، لبلبے کی سوزش اور جسم میں پانی کی کمی جیسے سنگین مسائل بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔ڈاکٹرز کے مطابق بہت زیادہ دبلے افراد، شدید معدے یا آنتوں کی بیماریوں میں مبتلا مریض، مخصوص ہارمون سے متعلق امراض رکھنے والے افراد اور وہ مریض جنہیں ماہرین اس علاج کے لیے موزوں قرار نہ دیں، انہیں یہ انجیکشن استعمال نہیں کرنے چاہئیں۔طبی ماہرین نے زور دیا ہے کہ وزن کم کرنے والے انجیکشن کا استعمال خود سے ہرگز نہ کیا جائے بلکہ مکمل طبی معائنے اور ماہر ذیابیطس معالج کے مشورے کے بعد ہی یہ علاج اختیار کیا جائے۔