جولائی 3, 2026

فٹبالر کو ریڈ کارڈ دکھانے پر امریکی کمپنی کا 10 لاکھ ڈالرز کے پیزے مفت تقسیم کرنے کا اعلان

پیزا بنانے والی معروف امریکی کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایک خصوصی تشہیری مہم کے تحت فیفا ورلڈ کپ کے دوران شائقین میں 1 ملین ڈالرز کی مالیت کے پیزے بالکل مفت تقسیم کرے گی۔بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ اعلان اس وقت حقیقت بن گیا جب امریکا کے فارورڈ فولرین بالوگن کو بوسنیا ہرزیگووینا کے خلاف میچ کے دوران ریڈ کارڈ دکھایا گیا۔میچ کے دوران فولرین بالوگن نے امریکا کے لیے شاندار کھیل پیش کیا اور ایک گول بھی اسکور کیا، لیکن دوسرے ہاف میں ریڈ کارڈ ملنے کے باعث انہیں میدان چھوڑنا پڑا لیکن اس کے باوجود امریکی ٹیم نے میچ میں برتری برقرار رکھی اور کوالیفائگ راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔علاوہ ازیں امریکی شائقین کے لیے ایک اور خوشخبری یہ ہے کہ وہ کمپنی کی جانب سے مفت پیزا حاصل کر سکیں گے۔البتہ یہ پیزا صرف ان لوگوں کو مل سکے گا جو ٹورنامنٹ شروع ہونے سے پہلے 10 جون تک کمپنی کی ویب سائٹ پر اپنا نام لکھوا کر اسکیم کا حصہ بنے تھے۔واضح رہے کہ مئی میں پیزا بنانے والی اس کمپنی نے ایک بیان جاری کیا تھا کہ گرمیوں میں فٹبال کے سب سے بڑے ایونٹ کے لیے مکمل تیار ہیں، اس موقع پر کمپنی نے ایک اسکیم بھی شروع کی ہے جس کے تحت امریکی ٹیم کے کسی بھی کھلاڑی کو میچ کے دوران ریڈ کارڈ ملنے پر شائقین کو ’ایمرجنسی پیزا‘ کے نام سے مفت پیزا فراہم کیا جائے گا۔کمپنی کے مطابق اس اسکیم کے تحت 60 ہزار سے زائد درمیانے سائز کے پیزے شائقین میں تقسیم کیے جائیں گے۔