جولائی 3, 2026

جنگ بندی معاہدے پر عمل نہ ہونے پر ایران جواب دے گا: قالیباف

ایرانی پارلیمانی اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ اگر امریکا اور اسرائیل تہران کے ساتھ طے شدہ جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد میں ناکام رہے تو ایران اپنی جوابی کارروائیاں دوبارہ شروع کرے گا۔ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق بیلاروس کی ایوانِ نمائندگان کے اسپیکر ایگور سرگینکو سے ملاقات کے دوران محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ہم طے پانے والی مفاہمت پر مکمل عمل درآمد کا پُرزور مطالبہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر امریکا اور صہیونی ریاست جنگ کے خاتمے سے متعلق اپنے وعدوں کی پاسداری نہیں کرتے تو ایران مناسب جواب دے گا۔محمد باقر قالیباف کا کہنا ہے کہ حالیہ تنازع کے دوران امریکا یہ جان چکا ہے کہ وہ فوجی محاذ پر ایران کا مقابلہ نہیں کر سکتا اور اسرائیل کی دھمکیاں بے بنیاد پروپیگنڈے کے سوا کچھ نہیں تھی۔انہوں نے کہا کہ امریکا اور صہیونی ریاست رمضان جنگ میں اپنے کسی بھی مقصد میں کامیاب نہیں ہوئے، آج سب اس نتیجے پر پہنچ چکے ہیں کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی ناکام رہی اور بالآخر انہوں نے خود ہی جنگ بندی کی درخواست کی۔