ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے اپنی مقبول مگر کسی حد تک متنازع اے آئی اسمارٹ چشمہ کا ایک نیا اور نسبتاً سستا ورژن متعارف کرا دیا ہے۔یہ نیا چشمہ اب بھی ایسیلور لُوکزوٹیکا کے اشتراک سے تیار کی گیا ہے، جو دنیا کے کئی مشہور چشموں کے برانڈز کی مالک کمپنی ہے۔ ماضی میں اسمارٹ گلاسز انہی برانڈز کے نام سے پیش کی جاتی رہی ہیں، جن میں رے بین اور اوکلے شامل ہیں۔ان ماڈلز میں روایتی ڈیزائن کے اندر اسمارٹ ٹیکنالوجی نصب کی گئی تھی اور انہیں انہی برانڈز کے نام سے فروخت کیا جاتا تھا۔ تاہم، اس بار نئے گلاسز کو صرف میٹا کے اپنے نام سے مارکیٹ کیا گیا ہے۔اس نئے اسمارٹ چشمے کی قیمت 299 ڈالر یا 299 پاؤنڈ رکھی گئی ہے، جو رے بین کے اشتراک سے بننے والے ماڈلز کے مقابلے میں تقریباً 80 ڈالر سستا ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ کم قیمت ہونے کے باوجود اس کے اندر تقریباً وہی تمام جدید ٹیکنالوجی موجود ہے۔میٹا کے اسمارٹ گلاسز کا موجودہ دور 2021 میں شروع ہوا تھا، جب اس نے رے بین اسٹوریز متعارف کروائیں۔ ان چشموں میں کیمرہ اور اسپیکرز شامل کیے گئے تھے، جس سے عام سن گلاسز ایک اسمارٹ ڈیوائس میں تبدیل ہو گئے تھے۔بعد ازاں 2023 میں ان چشموں کو ایک بڑی اپ گریڈ دی گئی، جس میں کیمرے، اسپیکرز اور دیگر فیچرز کو نمایاں طور پر بہتر بنایا گیا، اور یوں میٹا کی اسمارٹ ویئرایبل ٹیکنالوجی مزید طاقتور ہوگئی۔




