ناروے نے تقریباً تین دہائیوں بعد ورلڈ کپ میں واپسی کو کامیاب بناتے ہوئے گروپ آئی کے اپنے پہلے میچ میں عراق کو 1-4 سے شکست دے دی۔اس کامیابی میں اسٹار اسٹرائیکر ایرلنگ ہالینڈ نے مرکزی کردار ادا کیا جنہوں نے اپنے ورلڈ کپ ڈیبیو پر دو گول اسکور کیے۔میچ کے ابتدائی لمحات میں عراق نے بھرپور مزاحمت کی اور ناروے کو آسان مواقع نہیں دیے۔ تاہم پہلے ہاف میں واٹر بریک کے فوراً بعد ڈیوڈ مولر وولفے کے شاندار کراس پر ہالینڈ نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔عراق نے 39ویں منٹ میں زبردست واپسی کرتے ہوئے ایمن حسین کے ہیڈر کی بدولت مقابلہ برابر کر دیا لیکن صرف چند منٹ بعد عراقی گول کیپر جلال حسن کی غلطی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہالینڈ نے اپنا دوسرا گول کر کے ناروے کو دوبارہ برتری دلا دی۔دوسرے ہاف میں ناروے نے کھیل پر اپنی گرفت مضبوط رکھی۔ متبادل کھلاڑی لیو اوسٹیگارڈ نے مارٹن اوڈیگارڈ کے کارنر پر ہیڈر کے ذریعے تیسرا گول کیا جبکہ اختتامی لمحات میں ہالینڈ کی کوشش عراقی کھلاڑی ایمن حسین سے لگ کر اپنے ہی جال میں جا پہنچی۔اس میچ میں عراقی متبادل کھلاڑی زیڈان اقبال مردوں کے ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والے پہلے پاکستانی نژاد فٹبالر بن گئے۔




