جون 17, 2026

بھارت میں میڈیکل داخلہ ٹیسٹ کو لیک ہونے سے روکنے کیلئے ٹیلیگرام پر عارضی پابندی عائد کر دی گئی

عام طور متعدد ممالک میں امتحانات سے قبل پرچے انٹرنیٹ یا آن لائن لیک ہو جاتے ہیں۔مگر بھارت میں تو اس کو جواز بنا کر میسجنگ ایپ ٹیلیگرام پر عارضی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔جی ہاں واقعی بھارت میں میڈیکل کے شعبے میں سالانہ داخلہ ٹیسٹ کے موقع پر یہ پابندی عائد کی گئی۔فنانشنل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں داخلہ ٹیسٹ کے لیے ٹیلیگرام پر 22 جون تک پابندی عائد کی گئی ہے۔اس پابندی کا مقصد 21 جون کے موقع پر شیڈول ٹیسٹ کی ساکھ کو بحال کرنا قرار دیا گیا ہے۔بھارت ٹیلیگرام کی سب سے بڑی مارکیٹ ہے جہاں لگ بھگ 8 کروڑ 40 لاکھ افراد اس میسجنگ ایپ کو استعمال کرتے ہیں۔3 مئی کو این ای ای ٹی میڈیکل اسکول انٹرنس ٹیسٹ میں 22 لاکھ 80 ہزار طالبعلموں نے شرکت کی تھی۔اس موقع پر بھارتی بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے آن اسکرین مارکنگ سسٹم کو متعارف کرایا گیا تھا تاکہ لاکھوں طالبعلموں کے پرچوں کی درست جانچ پڑتال کی جاسکے۔مگر یہ نیا سسٹم متنازع ثابت ہوا اور ابتدائی ٹیسٹ کے بعد طالبعلموں نے اپنے نتائج میں خامیوں کو دریافت کیا۔اسی وجہ سے 12 مئی بھارتی حکومت کی جانب سے نتائج کو کالعدم قرار دیتے ہوئے تحقیقات کی گئی اور دریافت ہوا کہ ٹیسٹ سے قبل ہی پرچے کا زیادہ تر حصہ ٹیلیگرام پر لیک ہوگیا تھا۔نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کی تحقیقات کے مطابق ٹیلیگرام چینلز میں پیسوں کے عوض امتحانی پرچے تک رسائی فراہم کی جاتی ہے۔مگر انٹرنیٹ فریڈم فاؤنڈیشن کے مطابق ٹیلیگرام پر پابندی امتحانی فراڈ کی روک تھام کے حوالے سے نامناسب ہے، درحقیقت حکومت نے پرچے لیک کرنے والے افراد کی بجائے ایپ کے کروڑوں صارفین کو سزا دی ہے۔