پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) نے آزاد جموں و کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسائل مذاکرات کے ذریعے حل ہونے چاہئیں اور اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کرکے حل بات چیت کے ذریعے اسمبلی سے نکالا جائے گا۔چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت آزاد کشمیر پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورت حال پر تفصیلی مشاورت کی گئی اور سیاسی مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کے راستے کو اختیار کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ آج رات صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کے درمیان اہم ملاقات کا امکان ہے اور متوقع ملاقات میں آزاد کشمیر کی مجموعی سیاسی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گاذرائع نے بتایا کہ اعلیٰ سطح کی مشاورت کے بعد آزاد کشمیر کی آئندہ سیاسی حکمت عملی کو حتمی شکل دی جائے گی، آزاد کشمیر کی صورت حال کا حل سیاسی سطح پر اور قانون ساز اسمبلی کے فورم سے نکالا جانا چاہیے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ تشدد اور محاذ آرائی سے گریز کرتے ہوئے سیاسی عمل کو آگے بڑھانے پر زور دیا۔اجلاس میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ پی پی آزاد جموں و کشمیر کے سیاسی امور کی انچارج اور پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے بھی شرکت کی، بلاول بھٹو زرداری اور پی پی آزاد جموں و کشمیر کے سیاسی امور کی انچارج فریال تالپور کو پی پی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے اراکین نے حالیہ صورت حال سے متعلق تجاویز دیں جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے آزاد جموں و کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی بنیاد مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی اور ہم نے ہمیشہ کشمیریوں کے مسائل کے حل کو ترجیح دی، سیاسی معاملات مذاکرات کے ذریعے حل ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کروں گا اور مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے اسمبلی سے نکالا جائے گا۔




