جون 4, 2026

صحت کیلئے حیرت انگیز فوائد کا حامل کالا نمک قدرتی خزانہ قرار

نئی سائنسی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ روایتی کالا نمک صرف ذائقہ بڑھانے والا مسالہ نہیں بلکہ متعدد طبی فوائد کا حامل قدرتی غذائی جز بھی ہے۔ماہرین کے مطابق کالے نمک میں عام نمک کے مقابلے میں سوڈیئم نسبتاً کم جبکہ آئرن، کیلشیئم اور میگنیشیئم جیسی اہم معدنیات زیادہ مقدار میں موجود ہوتی ہیں۔
دل اور گردوں کے لیے مفید
تحقیقی جائزے کے مطابق کالے نمک میں موجود قدرتی سلفر جسم میں ایسے عناصر پیدا کرتا ہے جو دل کی صحت، خون کی نالیوں کے افعال اور سوزش میں کمی کے لیے معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔کالے نمک کے اجزاء گردوں کے افعال بہتر بنانے اور جسم میں آکسیڈیٹو تناؤ کم کرنے میں بھی مددگار پائے گئے ہیں۔کالے نمک میں شامل ’تری پھلا‘ (Triphala) معدے اور آنتوں کی صحت بہتر بنانے، ہاضمہ متحرک کرنے اور جسمانی دفاعی نظام کو تقویت دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔طبی ماہرین کے مطابق اس کے اجزاء مفید جراثیم کی افزائش میں بھی مدد دیتے ہیں۔
منہ اور دانتوں کی صحت کے لیے فائدہ مند
تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ کالا نمک بعض منہ میں موجود نقصان دہ بیکٹیریا کی افزائش کم کرنے، مسوڑھوں کی صحت بہتر بنانے اور سانس کی بدبو میں کمی لانے میں مؤثر ثابت ہوتا ہے۔کالا نمک اپنی منفرد خوشبو اور انڈے جیسے ذائقے کے باعث دنیا بھر میں ویگن کھانوں میں مقبول ہے، اسے ٹوفو، سلاد، سبزیوں اور مختلف مشروبات میں ذائقہ بڑھانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ابتدائی سائنسی شواہد کالا نمک کے ممکنہ طبی فوائد کی نشاندہی کرتے ہیں تاہم ان فوائد کی مکمل تصدیق کے لیے مزید جامع اور طویل مدتی تحقیقات درکار ہیں۔
نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کے لیے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔