جون 4, 2026

فنڈز کی کمی کے باعث خیبر پختونخوا پولیس کا ترقیاتی بجٹ متاثر ہونے لگا

پشاور:فنڈز کی کمی کے باعث خیبرپختونخوا پولیس کا ترقیاتی بجٹ متاثر ہونے لگا، جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری متعدد منصوبوں پر مختص فنڈز کا نصف بھی تاحال خرچ نہیں کیا جا سکا۔دستاویزات کے مطابق محکمہ پولیس کے لیے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 43 منصوبے شروع کیے گئے، جن پر 69 ارب 60 کروڑ 90 لاکھ روپے لاگت آنے کا تخمینہ لگایا گیا۔ تاہم رواں مالی سال کے دوران اب تک صرف 11 ارب 96 کروڑ روپے خرچ کیے جا سکے ہیں۔دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ بندوبستی اور ضم اضلاع میں اے ڈی پی کے تحت منصوبوں کے لیے رواں سال 18 ارب 46 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کیے گئے تھے، جن میں سے 17 ارب 71 کروڑ 70 لاکھ روپے جاری کیے جا چکے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق بندوبستی اضلاع میں پولیس کے 31 ترقیاتی منصوبوں پر جاری فنڈز کا صرف 43 فیصد خرچ کیا جا سکا، جبکہ ضم اضلاع کے 3 منصوبوں پر جاری فنڈز کے مقابلے میں 63 فیصد رقم خرچ ہوئی۔اسی طرح اے آئی پی پروگرام کے تحت شروع کیے گئے 9 منصوبوں پر جاری شدہ فنڈز کا 94 فیصد استعمال کیا گیا۔ مجموعی طور پر 43 منصوبوں پر جاری ہونے والے فنڈز کے مقابلے میں صرف 68 فیصد فنڈز خرچ ہو سکے ہیں۔