پیٹ کی چربی کم کرنے کے لیے صبح نہار منہ زیرہ اور میتھی دانے کا پانی پینے کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ مشروبات براہِ راست چربی نہیں پگھلاتے بلکہ جسم کے قدرتی نظام کو بہتر بنا کر وزن کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ماہرِینِ امراضِ معدہ کے مطابق زیرے کا پانی ہاضمہ بہتر بنانے، اپھارہ کم کرنے اور جسمانی میٹابولزم کو سہارا دینے میں مددگار ثابت ہوتا ہے، اس کے نتیجے میں پیٹ کے پھولنے کا احساس کم ہوتا ہے اور چربی کے استعمال کا عمل بہتر ہو سکتا ہے۔دوسری جانب میتھی دانے کا پانی بھوک پر قابو پانے، خون میں شکر کی سطح متوازن رکھنے، چربی کے میٹابولزم کو بہتر بنانے اور آنتوں کی صحت میں معاون سمجھا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق میتھی دانے کی یہ خصوصیات وزن میں کمی اور پیٹ کی چربی کم کرنے میں بالواسطہ مدد دے سکتی ہیں۔غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مقصد بھوک کم کرنا اور خون میں شکر کو متوازن رکھنا ہو تو میتھی دانے کا پانی نسبتاً زیادہ فائدہ مند ہو سکتا ہے جبکہ زیرے کا پانی اپھارے اور ہاضمے کے مسائل میں بہتر نتائج دیتا ہے۔صحت کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ حاملہ خواتین، معدے کی حساسیت رکھنے والے افراد اور ذیابیطس کے مریض ان مشروبات کے استعمال سے قبل طبی مشورہ ضرور لیں۔ماہرین کے مطابق زیرہ اور میتھی دانہ دونوں کے فوائد تب ہی مؤثر ثابت ہوتے ہیں جب انہیں متوازن غذا اور باقاعدہ جسمانی سرگرمی کے ساتھ استعمال کیا جائے۔
نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کے لیے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔




