جون 2, 2026

یورپ کی سب سے بڑی دفاعی نمائش میں اسرائیل کی شرکت پر پابندی عائد

فرانس نے پیرس میں ہونے والی یورپ کی سب سے بڑی اسلحہ نمائش ’یورو ساٹوری‘ میں اسرائیل کی شرکت پر پابندی عائد کر دی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق فرانس کی حکومت نے باضابطہ طور پر اس فیصلے سے اسرائیل کی وزارتِ دفاع کو آگاہ کر دیا ہے۔ پابندی کے تحت اسرائیل کو اس نمائش میں اپنے دفاعی نظام اور عسکری ساز و سامان کی نمائش کی اجازت نہیں دی جائے گی۔یہ اسلحہ نمائش رواں ماہ کے آخر میں پیرس میں منعقد ہونا ہے اور اسے یورپ کی سب سے بڑی دفاعی و سیکیورٹی نمائش تصور کیا جاتا ہے، جہاں دنیا بھر کے ممالک اپنی دفاعی ٹیکنالوجی پیش کرتے ہیں۔رپورٹس کے مطابق اس فیصلے کے بعد اسرائیلی حکام نے تشویش کا اظہار کیا ہے، جبکہ اسے دفاعی صنعت کے لیے ایک منفی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب فرانسیسی حکام کی جانب سے اس حوالے سے مؤقف ہے کہ نمائش میں شرکت کے اصول اور سیکیورٹی ضوابط کے مطابق ہی اجازت دی جاتی ہے۔اس اقدام کے بعد اسرائیل اور فرانس کے درمیان پہلے سے موجود سفارتی تناؤ میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے۔