انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ڈاکٹر روز سی ریواز کو بورڈ کی نئی غیر جانبدار ڈائریکٹر مقرر کردیا۔ورلڈ گورننگ کونسل کے مطابق ڈاکٹر روز ریواز ابتدائی طور پر 3 سالہ مدت کے لیے بورڈ میں شامل ہوں گی تاہم اس میں مزید 3 برس کی توسیع کی گنجائش بھی موجود ہوگی۔ڈاکٹر روز ریواز اس وقت انگلیان واٹر کی چیئرپرسن ہیں جبکہ یورپ کی معروف میٹریل سائنس کمپنیوں اپیرام ایس اے اور وکٹریکس پی ایل سی میں بھی ڈائریکٹر کے فرائض انجام دے رہی ہیں، وہ حکمت عملی، رسک مینجمنٹ اور کارکردگی کے جائزے کے حوالے سے گہری بصیرت رکھتی ہیں۔ ڈاکٹر روز ریواز کی کارپوریٹ گورننس، ادارہ جاتی حکمت عملی اور آپریشنل مؤثریت کے شعبوں میں مہارت کے ساتھ ساتھ تنوع اور شمولیت کے فروغ کے لیے خدمات انہیں آئی سی سی بورڈ کے لیے ایک اہم اضافہ بناتی ہیں۔




