اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں واقع تاریخی بیوفورٹ قلعے پر قبضہ کر لیا ہے، جسے انہوں نے ایک ’اسٹریٹجک فتح‘ قرار دیا ہے۔اسرائیلی وزیر دفاع کے مطابق یہ کارروائی گولانی بریگیڈ کی قیادت میں کی گئی، جس دوران اسرائیلی فوج نے لیطانی دریا عبور کرتے ہوئے لبنان کے اندر مزید پیش قدمی کی۔اسرائیل کاٹز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹیلی گرام پر جاری بیان میں کہا کہ وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی ہدایت اور ان کی نگرانی میں اسرائیلی فوج نے لبنان میں اپنی کارروائیوں کو وسعت دی۔ان کے مطابق فوج نے لیطانی دریا عبور کرنے کے بعد بیوفورٹ رج پر قبضہ کیا، جسے انہوں نے شمالی اسرائیل کے گلیلی علاقوں کے دفاع کے لیے ایک اہم اسٹریٹجک مقام قرار دیا۔وزیر دفاع نے مزید کہا کہ یہ آپریشن پہلے معلوماتی بلیک آؤٹ کے تحت تھا، تاہم اب اس کی تفصیلات سامنے لائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ لڑائی جاری ہے اور اسرائیل حزب اللہ کی صلاحیتوں کو کمزور کرنے اور اپنی شمالی سرحد کو محفوظ بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے گا۔دوسری جانب لبنانی حکام کی جانب سے اسرائیل کے ان دعوؤں پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔یاد رہے کہ بیوفورٹ قلعہ ایک قدیم صلیبی دور کا قلعہ ہے جو نبطیہ گورنری میں لیطانی دریا کے اوپر واقع ایک بلند مقام پر موجود ہے اور خطے میں اس کی تاریخی اور اسٹریٹجک اہمیت سمجھی جاتی ہے۔




