مئی 24, 2026

حکومت کی آسان ٹیکس اسکیم لانے کے حوالے سے تاجروں کے مطالبے پر غور کی یقین دہانی

اسلام آباد میں وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی سے مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے وفد نے ملاقات کی، جس میں تاجروں نے بجٹ سے متعلق مختلف تجاویز پیش کیں۔مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کی قیادت میں وفد نے ریٹیل اور ہول سیل شعبے کے لیے موزوں ریگولیٹری تجاویز کا جامع خاکہ پیش کیا۔ وفد نے نظام میں موجود رکاوٹوں کو دور کرنے، انتظامی معاملات کو آسان بنانے اور تاجر برادری کی جانب سے رضاکارانہ طور پر ٹیکس قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے سے متعلق سفارشات بھی پیش کیں۔وفد نے آئندہ بجٹ میں آسان ٹیکس اسکیم متعارف کرانے کا مطالبہ کیا۔ تاجروں نے اپنے مسائل کے حل کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے مشاورتی عمل کو سراہا اور اس ضمن میں خصوصی کاوشوں پر وزیرِ مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔وزارت خزانہ کے مطابق بجٹ سے قبل تاجروں سے مشاورت کی حکومتی کاوش کا مقصد مشترکہ اور باہمی تعاون پر مبنی طریقہ کار کو یقینی بنانا ہے۔وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی نے تاجروں کے مسائل کے حل اور کاروبار دوست ماحول پیدا کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کے عزم اور اقدامات کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ملک میں اقتصادی سرگرمیوں اور روزگار کی فراہمی میں تجارتی شعبے کے کلیدی کردار کو بھی سراہا۔بلال اظہر کیانی نے آسان ٹیکس اسکیم لانے کے حوالے سے تاجروں کے مطالبے پر غور کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اس مطالبے کا جائزہ لیں گے۔وزیرِ مملکت نے تاجروں کی پیش کردہ تمام تجاویز کا جائزہ لے کر اقدامات کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی تاکہ ریونیو کے حصول اور تجارتی ترقی کے درمیان توازن قائم رکھتے ہوئے اسٹریٹجک تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔