اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف سے قطر کے تعمیر گروپ کے بانی محمد حسین آل علی کی قیادت میں وفد نے اہم ملاقات کی ہے۔ملاقات میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قطر پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دُور کردیا گیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے سیاحت، ہوٹلنگ و ہاسپٹیلٹی اور رئیل اسٹیٹ و تعمیرات کے شعبے میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد موجود ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ تعمیر گروپ کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے مکمل سہولت اور معاونت فراہم کی جائے۔تعمیر گروپ کے بانی محمد حسین آل علی نے وفد کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور جاری منصوبوں سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ تعمیر گروپ پاکستان میں ہاسپٹیلٹی و ہوٹلز اور رئیل اسٹیٹ و تعمیرات کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتا ہے اور اس حوالے سے کئی منصوبوں پر کام شروع ہو چکا ہے۔محمد حسین آل علی نے پاکستان میں گروپ کی جانب سے سرمایہ کاری میں اضافے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملکی ترقی، کاروبار اور بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے کیے گئے اقدامات کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں وزیرِ اعظم کی قیادت میں حکومت ایس آئی ایف سی کے تحت سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے مثبت اقدامات کررہی ہے۔




