کرکٹ آسٹریلیا اپنے کپتان پیٹ کمنز اور دیگر اہم کھلاڑیوں کو طویل مدت تک قومی ٹیم کے ساتھ جوڑے رکھنے کے لیے بڑے مالی معاہدوں پر کام کر رہا ہے۔آسٹریلوی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیٹ کمنز کو تین سالہ نئی توسیع کی پیشکش کی گئی ہے جس کے بعد وہ 2029 تک ٹیم کے ساتھ رہ سکتے ہیں۔مجوزہ معاہدے کے تحت ان کی سالانہ آمدنی تقریباً 40 لاکھ آسٹریلوی ڈالر تک پہنچ جائے گی، جو موجودہ معاہدے سے تقریباً 10 لاکھ ڈالر زیادہ ہے۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مجموعی طور پر یہ ڈیل تقریباً 12 ملین ڈالر کی ہوگی جبکہ اس کے علاوہ کمنز کو آئی پی ایل اور کمرشل اشتہارات سے بھی بھاری آمدنی حاصل ہوتی رہے گی۔رواں سال سن رائزرز حیدرآباد سے وابستہ ایک فرنچائز نے کمنز اور نائب کپتان ٹریوس ہیڈ کو بین الاقوامی کرکٹ چھوڑ کر مکمل طور پر فرنچائز کرکٹ کھیلنے کے لیے سالانہ تقریباً ایک کروڑ ڈالر کی پیشکش بھی کی تھی، تاہم دونوں کھلاڑیوں نے آسٹریلیا کی نمائندگی کو ترجیح دیتے ہوئے یہ آفر مسترد کر دیاسی دوران مارنس لبوشین اور کیمرون گرین کے لیے بھی نئے معاہدوں پر غور جاری ہے تاکہ اہم کھلاڑیوں کو فرنچائز لیگوں کی بڑھتی ہوئی کشش سے دور رکھا جا سکے۔




