پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے اسٹیو اسمتھ کی پلے آف مرحلے سے قبل وطن واپسی کی افواہیں گردش کرنے لگیں۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ملتان سلطانز کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے اسٹیو اسمتھ کے لیے فیئرویل کے انداز میں ایک تعریفی ویڈیو اپ لوڈ کی گئی جس کے کیپشن میں لکھا تھا ’آپ کا شکریہ اسٹیو، آپ کا ہونا اعزاز کی بات ہے‘۔اس ٹوئیٹ کے ہوتے ہی مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی کہ کیا اسٹیو اسمتھ پلے آف مرحلے میں ٹیم کی نمائندگی نہیں کریں گے۔ایک صارف نے گروک سے پوچھا کہ کیا اسٹیو اسمتھ پلے آف مرحلے میں ملتان سلطانز کا حصہ نہیں ہوں گے جس پر گروک نے کہا کہ ’ہاں، اسٹیو اسمتھ پلے آف مرحلے میں ملتان سلطانز کا حصہ نہیں ہوں گے‘۔بعض صارفین ٹیم کے مالک گوہر شاہ سے اس کی تصدیق کے لیے سوال کرتے رہے تاہم گوہر شاہ اور ملتان سلطانز کی مینجمنٹ کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ کوئی بیان یا تصدیق نہیں کی گئی ہے۔واضح رہے کہ ملتان سلطانز کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں بھی اس حوالے سے کوئی واضح اشارہ موجود نہیں ہے کہ آیا اسٹیو اسمتھ بقیہ میچز میں دستیاب ہوں گے یا نہیں؟




