ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ زیادہ پھل، سبزیاں اور سالم اناج کا استعمال کرنے والے نوجوانوں میں تمباکو نوشی نہ کرنے والے افراد کے مقابلے میں پھیپھڑوں کے کینسر کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔یہ تحقیق 187 مریضوں کے ڈیٹا پر مبنی ہے جنہیں 50 سال یا اس سے کم عمر میں پھیپھڑوں کا کینسر تشخیص ہوا۔تحقیق کے مطابق اِن افراد کی غذاء کا معیار عام افراد کے مقابلے میں بہتر تھا اور اُنہوں نے زیادہ سبزیاں، دالیں اور اناج استعمال کیا، خاص طور پر خواتین میں یہ رجحان زیادہ دیکھا گیا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ روایتی طریقے سے اگائی گئی اجناس پر زرعی ادویات کی مقدار زیادہ ہو سکتی ہے جو ممکنہ طور پر بیماری کا سبب بن رہی ہے، اصل وجہ خوراک نہیں بلکہ زرعی ادویات کی باقیات ہو سکتی ہیں۔تحقیق بھی بتایا گیا ہے کہ کھیتوں میں کام کرنے والے افراد میں بھی پھیپھڑوں کے کینسر کی شرح زیادہ دیکھی گئی ہے۔تحقیق کے نتائج کے پیشِ نظر ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ یہ نتائج حتمی نہیں اور مزید تحقیق کی ضرورت ہے کیونکہ تحقیق کے لیے رضاکاروں کو خود منتخب کیا گیا تھا جس سے نتائج متاثر ہو سکتے ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل فضائی آلودگی اور ہارمون متاثر کرنے والے کیمیکلز کو بھی پھیپھڑوں کے کینسر کی ممکنہ وجوہات میں شامل کیا جا چکا ہے۔
نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے بہتر علاج کےلیے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔




