وزیراعظم شہباز شریف آج سعودی عرب کا اہم دورہ کریں گے۔سرکاری اعلامیے کے مطابق سعودی عرب اور قطر کے دورے دوطرفہ تعلقات کے تناظر میں ہوں گے، جہاں وزیرِ اعظم دونوں ممالک کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں باہمی تعاون، علاقائی امن اور سکیورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔وزیرِ اعظم ترکیہ میں پانچویں اناطولیہ ڈپلومیسی فورم میں بھی شرکت کریں گے، جہاں وہ عالمی رہنماؤں کے ہمراہ قائدین کے پینل میں پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔فورم کے موقع پر وزیرِ اعظم کی ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور دیگر عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں کا بھی امکان ہے۔پاکستان کی اس عالمی فورم میں شرکت تعمیری سفارتکاری، کثیرالجہتی تعاون اور عالمی امور پر مؤثر کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار ہے۔اس اہم دورے کے دوران ایران امریکا مذاکرات اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔وزیرِ اعظم کے ہمراہ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی سید طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شامل ہوں گے۔




