نومبر 19, 2026

فاروق ستار کا گل پلازا جوڈیشل کمیشن کی تحقیقات پر تحفظات کا اظہار

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے گل پلازا جوڈیشل کمیشن پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس طرح تحقیقات ہو رہی ہیں اس پر اپنی رائے محفوظ رکھتا ہوں۔کراچی میں سندھ ہائی کورٹ کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما متحدہ قومی مومنٹ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ہم کورٹ کی معاونت کے لیے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دستاویزات جمع کرائی ہیں جو کہ واضح طور پر نشاندہی کر دیں گی کہ گل پلازا کی عمارت کی تعمیر میں بے ضابطگیاں ہیں، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران کے خلاف مقدمہ بھی بنا تھا، غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افسران کے خلاف درج مقدمے کا کیا ہوا؟فاروق ستار نے کہا کہ ہم معاونت کے لیے آئے تھے، 19 فروری کو ای میل کر کے تفصیلات جمع کرا دی ہیں، ہمیں کہا گیا کہ درخواست ضرورت کے مطابق نہیں ہے۔رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ کمیشن سے مطالبہ ہے کہ 1 گھنٹہ ہمارے وکیل کو اور آدھا گھنٹہ مجھے سنا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ 18 سال سے کرپٹ ترین حکومت ہے، ہمارے پاس ثبوت ہیں، ایم کیو ایم بطور پارٹی فریق بن سکتی ہے اور ہم نے واضح طور پر درخواست دی مگر ہمیں سنا نہیں گیا۔فاروق ستار نے یہ بھی کہا کہ سب سے پہلے ایم کیو ایم نے تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا، پارٹی اس بارے میں تفصیلی پریس کانفرنس بھی کرے گی۔