انسٹا گرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کے حوالے سے کہا ہے کہ اس کے باعث تصاویر کے مستند ہونے کی تصدیق مشکل سے مشکل ترین ہوتی جا رہی ہے۔ایک انسٹا گرام پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ فوٹوگرافی کے لیے اے آئی کا بہت زیادہ استعمال ہوتا جا رہا ہے اور حقیقی تصاویر کی شناخت مشکل ہوتی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ انسٹا گرام کو اس وقت جس خطرے کا سامنا ہے وہ یہ ہے کہ دنیا بہت تیزی سے بدل رہی ہے اور یہ پلیٹ فارم اس سے مطابقت پیدا کرنے میں ناکام رہا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اے آئی کے باعث لوگوں کے لیے حقیقی اور اے آئی سے تیار کردہ تصاویر کے درمیان فرق کرنا لگ بھگ ناممکن ہوگیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وقت کے ساتھ اے آئی تصاویر بہت زیادہ حقیقی ہوتی جا رہی ہیں تو ضروری ہے کہ اس حوالے سے صارفین اور انسٹا گرام اس تبدیلی کو اپنائیں۔ایڈم موسیری نے کہا کہ اس صورتحال کو اپنانے میں کئی برس لگ سکتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے موجود تصویر حقیقی نہیں، یہ بہت مشکل ہے کیونکہ جینیاتی طور پر ہم اپنی آنکھوں پر یقین کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ حقیقی اور اے آئی مواد کو شناخت کرنے کی مشکل کا حل ‘رئیل میڈیا’ لیبل کی شکل میں سامنے آئے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم اس حوالے سے ایسے ٹولز تیار کریں گے جن کی مدد سے صارفین اے آئی سے تیار کردہ مواد کا مقابلہ کرسکیں گے۔اسی طرح اے آئی مواد پر لیبل کو واضح کیا جائے گا جبکہ اوریجنل مواد کی رینکنگ کو بہتر بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ انسٹا گرام کو اس صورتحال کے لیے بہت تیزی سے خود کو بدلنا ہوگا۔




