جون 4, 2026

گوگل فوٹوز کو آپ اب کیپ کٹ کے متبادل کے طور پر استعمال کرسکتے ہیں

اگر آپ معروف ویڈیو ایڈیٹنگ ایپ کیپ کٹ استعمال کرتے ہیں تو علم ہوگا کہ اس کے چند اہم فیچرز کا استعمال ماہانہ فیس سے ہی ممکن ہے۔مگر اب آپ کو اس مقصد کے لیے پیسے خرچ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی کیونکہ گوگل فوٹوز میں ہی ایسی تبدیلیاں کی گئی ہیں جو اسے کیپ کٹ جیسی سروس میں تبدیل کر دیں گی۔مختصر ویڈیوز کی تیاری میں مدد فراہم کرنے والی ایپس آج کل کافی زیادہ مقبول ہیں تاکہ ٹک ٹاک، انسٹا گرام ریلز یا یوٹیوب شارٹس کو بہتر بنایا جاسکے۔اب گوگل فوٹوز نے ویڈیو ایڈیٹنگ ٹولز کے شعبے میں قدم رکھنے کا فیصلہ کیا۔کمپنی نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ نئے فیچرز کے ذریعے ویڈیوز کی تیاری اور ایڈیٹنگ بہت آسان ہو جائے گی، اس کا مطالبہ صارفین کی جانب سے کیا جا رہا تھا۔یہ نئے فیچرز اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز میں صارفین کو دستیاب ہوں گے۔ان نئے فیچرز میں سے ایک ٹیمپلیٹس ہے جس سے مختلف فوٹیجز پر مبنی ویڈیو کو تیار کرنے کا عمل تیز ہو جائے گا۔ہر ٹیمپلیٹ موسیقی، ٹیکسٹ اور کٹس سے لیس ہوگا۔آپ کو بس گوگل فوٹوز گیلری سے فوٹیج کو سلیکٹ کرنا ہوگا اور پھر چند سیکنڈز میں ٹک ٹاک جیسی ہائی لائٹ ریل تیار ہو جائے گی۔یہ ٹول ابھی صرف اینڈرائیڈ صارفین کو دستیاب ہوگا۔ایک اور ٹول ویڈیوز میں ساؤنڈ ٹریک اور ٹیکسٹ کی شمولیت سے جڑا ہے۔کمپنی کے مطابق گوگل فوٹوز کے ری ڈیزائن ویڈیو ایڈیٹر کے لیے ساؤنڈ ٹریکس دستیاب ہیں جن کو میوزک لائبریری میں سرچ کیا جاسکتا ہے۔میوزک کے علاوہ کاسٹیوم ٹیکسٹ آپشنز بھی صارفین کو دستیاب ہوں گے۔گوگل کے مطابق یہ ری ڈیزائن ویڈیو ایڈیٹر اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ڈیفالٹ ایڈیٹنگ سافٹ وئیر ہوگا۔ان اپ ڈیٹس کو متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور بہت جلد یہ تمام صارفین کو دستیاب ہوں گی۔