کئی بار کچھ دیر چلنے کے بعد اچانک محسوس ہوتا ہے جیسے سانس پھول گیا ہو یا آپ ہانپنے لگتے ہیں۔سانس پھول جانے یا سانس لینے میں مشکلات کے لیے طبی زبان میں Dypnea کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔یہ ایک عام علامت ہے جو کئی بار سنگین امراض کا اشارہ دیتی ہے۔تو وہ وجوہات جانیں جو چہل قدمی کے دوران سانس پھولنے کا باعث بنتی ہیں۔
جسمانی فٹنس نہ ہونا
اگر آپ کچھ دیر چلنے کے بعد تھک جاتے ہیں اور ہانپنے لگتے ہیں تو اس کی ایک وجہ جسمانی فٹنس نہ ہونا ہے۔
یعنی اگر آپ معمول سے ہٹ کر کچھ کرتے ہیں تو ایسا ہوسکتا ہے جیسے زیادہ فاصلے تک چلنے یا سیڑھیاں چڑھنے پر سانس پھول سکتی ہے۔
موٹاپا
موٹاپے کے شکار افراد میں بھی سانس پھول جانا ایک عام مسئلہ ہوتا ہے۔موٹاپے کے شکار افراد کے سینے اور معدے میں چربی جمع ہوتی ہے جس سے سانس لینے کے عمل پر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
انزائٹی ڈس آرڈر
انزائٹی ڈس آرڈر کے شکار افراد بہت زیادہ فکرمند یا خوفزدہ رہتے ہیں اور ان کے روزمرہ کے افعال اس کے باعث متاثر ہوتے ہیں۔عام طور پر انزائٹی ڈس آرڈر کی ایک جسمانی علامت سانس پھول جانا یا سانس لینے میں مشکلات ہوتی ہے۔
دمہ
دمہ بھی ایک عام بیماری ہے جس کی شدت ہر فرد میں مختلف ہوتی ہے۔کچھ افراد کو دمہ کے دورے کا سامنا مخصوص حالات میں ہوتا ہے جبکہ دیگر کو چہل قدمی یا ورزش وغیرہ کے نتیجے میں اس کی شکایت ہوتی ہے۔
نمونیا
نمونیا پھیپھڑوں کا انفیکشن ہے جس کی متعدد وجوہات ہوسکتی ہیں اور اس کے شکار افراد کو بھی سانس پھولنے کے مسئلے کا سامنا ہوتا ہے۔
سی او پی ڈی
Chronic obstructive pulmonary disease (سی او پی ڈی) پھیپھڑوں کا ایسا مرض ہے جس میں لوگوں کے لیے سانس لینا مشکل ہوجاتا ہے۔عام طور پر تمباکو نوشی کرنے والے افراد میں یہ عام ہوتا ہے مگر فضائی آلودگی سے بھی اس کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔مسلز کی کمزوری، سینے میں کھچاؤ اور دیگر علامات کے ساتھ سانس پھول جانا بھی اس کی ایک نشانی ہوتی ہے۔
ہارٹ فیلیئر
ہارٹ فیلیئر کے دوران دل کے پٹھے مناسب حد تک جسم میں آکسیجن سے بھرپور خون کی سپلائی نہیں کرپاتے۔ایسا ہونے پر مختصر چہل قدمی پر بھی سانس پھول جاتا ہے۔
ہارٹ اٹیک
ہارٹ اٹیک کے دوران دل کی شریانوں میں خون کے لوتھڑے بنتے ہیں جس سے دل کے لیے خون کا بہاؤ گھٹ جاتا ہے یا رک جاتا ہے۔ہارٹ اٹیک کی ایک علامت چلنے پھرنے کے دوران سانس پھولنے اور سینے میں دباؤ کا احساس بھی ہے۔
خون کی کمی
جسم میں خون کے صحت مند سرخ خلیات کی کمی سے بھی چلنے پھرنے کے دوران سانس پھولنے کا سامنا ہوسکتا ہے۔خون کی کمی کے باعث جسم کی آکسیجن کو مختلف اعضا تک پہنچانے کی صلاحیت گھٹ جاتی ہے اور اس علامت کا سامنا ہوتا ہے۔
ڈاکٹر سے کب رجوع کریں؟
اگر کسی فرد کو چلنے پھرنے کے دوران اکثر سانس پھولنے کے مسئلے کا سامنا ہو تو اسے مشورے کے لیے ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔ڈاکٹر ہی مسئلے کی وجہ کا تعین کرکے اس کے مطابق علاج تجویز کرسکتا ہے۔اگر سانس لینا مشکل ہوجائے یا غشی طاری ہوجائے تو ضروری ہے کہ فوری طبی امداد کے لیے رجوع کیا جائے۔
نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔




