سائنسدانوں نے ائیر کنڈیشنر کی ضرورت ختم کرنے والے ایک پینٹ کو تیار کیا ہے۔چھتوں پر استعمال ہونے والا یہ پینٹ اردگرد کے درجہ حرارت کے مقابلے میں چھت کی سطح کے درجہ حرارت کو 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک کم کر دیتا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ یہ پینٹ فضا سے پانی کو بھی کھینچتا ہے جس سے شدید گرم موسم کے دوران گھر کے اندر کا درجہ حرارت نمایاں حد تک گھٹ جاتا ہے۔خیال رہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہیٹ ویوز کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور وہ زیادہ جان لیوا ثابت ہو رہی ہیں اور زیادہ خرچے کے باعث ائیر کنڈیشنر کا استعمال ہر فرد کے لیے ممکن نہیں ہوتا۔
سوراخ والی ایک فلم کے ذریعے بننے والے پینٹ سے چھتوں کو رنگا جاتا ہے اور یہ 96 فیصد سولر ریڈی ایشن کو واپس فضا میں پلٹا دیتا ہے۔پینٹ کی یہ کوٹنگ مؤثر انداز سے باہر موجود حرارت کو منتشر کرتی ہے۔آسٹریلیا کی سڈنی یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے بتایا کہ یہ پینٹ دن کے وقت جب سورج نکلا ہوا ہوتا ہے، اس وقت آپ کی چھت کو اردگرد کے ماحول کے مقابلے میں زیادہ ٹھنڈا رکھتا ہے۔پینٹ کی سطح کی ٹھنڈک سے فضا میں موجود بخارات سطح پر اکٹھے ہو جاتے ہیں، بالکل اسی طرح جیسے رات کو گاڑی پر شبنم کے قطرے جم جاتے ہیں۔سائنسدانوں کے مطابق پینٹ کم از کم کئی گھنٹوں تک فضا میں موجود شبنم کو اپنے اندر کھینچ سکتا ہے۔اس پینٹ کے حوالے سے ایک تحقیق کے نتائج جرنل ایڈوانسڈ فنکشنل میٹریلز میں شائع ہوئے۔تحقیق کے دوران ماہرین نے سڈنی نانو سائنس ہب کی چھت پر 6 ماہ کے لیے اس پینٹ کو لگا کر رکھا۔پینٹ کے ساتھ الٹرا وائلٹ کے خلاف مزاحمت کرنے والی کوٹنگ کو بھی استعمال کیا گیا تاکہ شبنم کے قطرے بہہ کر ایک برتن میں جمع ہوسکیں۔چھتوں پر لگائی جانے والی ٹائلز اور اسٹیل پینلز پر اس پینٹ کا استعمال کیا گیا ہے / فوٹو بشکریہ سڈنی یونیورسٹی4 ماہ کے دوران سائنسدانوں نے روزانہ 390 ملی لیٹر فی اسکوائر میٹر پانی اکٹھا کیا اور ان کا تخمینہ ہے کہ آسٹریلیا میں ایک اوسط چھت سے روزانہ 70 لیٹر تک پانی جمع کیا جاسکتا ہے۔سائنسدانوں کے مطابق اس پینٹ کو ایسے مقامات کی عمارات پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے جہاں زیرزمین پانی نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے۔شروع میں اس پینٹ کی جس پروٹوٹائپ کوٹنگ پر تحقیق کی گئی وہ vinylidene fluoride-co-hexafluoropropene پر مشتمل تھی اور اس ٹیکنالوجی کو ابھی زیادہ بڑے پیمانے پر استعمال نہیں کیا جاتا۔یہی وجہ ہے کہ سائنسدانوں نے پھر پانی پر مبنی ایک پینٹ کو تیار کیا جس کی خصوصیات بھی ایسی ہی ہیں اور اسے وسیع پیمانے پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔سائنسدانوں کے مطابق اس پینٹ کو کسی عام پینٹ کی طرح چھتوں کو رنگنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔




