واشنگٹن:امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان موجودہ جنگ بندی نازک ہے۔رضوان سعید شیخ نے پیر کو نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) کے وفد سے پاکستانی سفارت خانے میں ملاقات کی، اس موقع پر انہوں نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی پر بات کرتے ہوئے جنگ بندی کیلئے بروقت امریکی مداخلت کو سراہا۔انکا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی میں کمی آئی ہے تاہم انہوں نے مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے امریکا سمیت بین الاقوامی برادری کی مسلسل مشغولیت پر زور دیا۔رضوان سعید شیخ نے سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے یکطرفہ اقدامات کے خلاف انتباہ دیا جس سے علاقائی استحکام اور غذائی تحفظ کو خطرہ ہوسفیر پاکستان نے کورس کے شرکاء کو کامیابی سے اہم کورس کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔ یہ کورس اعلیٰ سول اور فوجی افسران کی تربیت کیلئے مرتب کیا جاتا ہے جس کا مقصد سینئر افسران کو اعلیٰ ذمہ داریوں کے لئے تیار کرنا ہوتا ہے۔سینئر سول اور فوجی افسران پر مشتمل وفد پاکستان کے اعلیٰ تربیتی ادارے سے قومی سلامتی اور وار کورس مکمل کر رہا ہے۔ امریکا کے نیئر ایسٹ ساؤتھ ایشیا سینٹر فار اسٹریٹیجک اسٹڈیز کے سینئر افسران بھی وفد کے ہمراہ تھے۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان گہرے تعلقات کو اجاگر کیا، انٹرایکٹیو سیشن کے دوران شرکاء نے علاقائی اور عالمی چیلنجز کے حوالے سے سفیر پاکستان سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔




