وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ فلسطین کے معاملے پر ہم سب متحد ہیں، غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔ قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ فلسطین کے معاملے پر ہمیں سیاست سے گریز کرنا چاہئے،پوائنٹ سکورنگ کی بجائے عملی اقدامات یقینی بنانا ہوں گے۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستانی پاسپورٹ کی منفرد حیثیت ہے، پاکستان کا پاسپورٹ دنیا میں واحد پاسپورٹ ہے جس پر لکھا ہے کہ یہ دنیا بھر میں کارآمد ہے لیکن اسرائیل کے لئے کارآمد نہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں اپنے سبز پاسپورٹ پر فخر ہے، ہم اسرائیل کو نہ مانتے ہیں اور نہ تسلیم کرتے ہیں، الجزیرہ نے دنیا بھر میں فلسطین میں مظالم کو اُجاگر کیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ الجزیرہ کے صحافی شہید ہوئے لیکن اپنی کوریج پر کمپرومائز نہیں کیا،پاکستان نے جنوبی افریقہ کی انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس میں بھرپور حمایت کی، دفتر خارجہ نے نسل کشی کے حوالے سے پاکستان کا پالیسی بیان بھی دیا۔




