بلوچستان اسمبلی نے اقلیتوں کو پبلک سروس کمیشن اوردیگر محکموں میں نمائندگی دینے کی قرارداد منظورکرلی۔ اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری اقلیتی امورراوی پہوجا نے بلوچستان پبلک سروس کمیشن اوردیگرمحکموں میں اقلیتوں کو بھی نمائندگی دینے کی قرارداد پیش کردی قراردادکے متن کے مطابق صوبہ میں بسنے والی اقلیتیں جو صوبہ کی ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کرتی ہیں،بلوچستان پبلک سروس کمیشن یا کسی بھی محکمہ میں عوامی خدمات کمیشن میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین کو بطور ممبر منتخب نہیں کیا جاتا ہے،متن میں کہا گیا تھا کہ صوبہ میں آباد اقلیتی کمیونیٹیز جن میں ہندو، مسیحی اور دیگر اقلیتی فرقوں میں مایوسی اور احساس محرومی پائی جارہی ہے۔ ایوان صوبائی حکومت سے سفارش کرتا ہے کہ وہ صوبہ میں بسنے والے اقلیتوں کو بھی نمائندگی دینے کے لئے عملی اقدامات اٹھانے کو یقینی بنائے۔بعد ازاں، ایوان نے اقلیتوں کو پبلک سروس کمیشن اوردیگر محکموں میں نمائندگی دینے کی قرارداد منظورکرلی۔




