جولائی 10, 2026

اپوزیشن گرینڈ الائنس کا حکومت مخالف اتحاد کو وسعت دینے کا فیصلہ

اپوزیشن گرینڈ الائنس نے حکومت مخالف اتحاد کو مزید وسعت دینے کے لیے اہم رہنماوں سے رابطوں اور ملاقاتوں کا آغاز کر دیا ہے، اپوزیشن قیادت سندھ میں بھی پڑاؤ ڈالے گی۔ تفصیلات کے مطابق تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قیادت آج سے سندھ روانہ ہوگی، تین روزہ دورے کے دوران گرینڈ الائینس اتحاد کیلئے اہم ملاقاتیں شیڈول ہیں، اپوزیشن الائینس جی ڈی اے کی قیادت سے ملاقات کرے گا۔ اپوزیشن رہنما جئے سندھ کے سربراہ ایاز پلیجو سے حیدرآباد میں ملاقات کریں گے، وفد میں محمود اچکزئی، اسد قیصر، صاحبزادہ حامد رضا، اخونزادہ حسین، بی این پی مینگل اور ایم ڈبلیو ایم سے رہنماء شریک ہوں گے۔ اپوزیشن رہنماؤں کے وفد میں سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف سلمان اکرم راجہ بھی شامل ہیں، دورے کے دوران بزنس کمیونیٹی اور بار ایسوسی ایشن سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔