اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 10 وکٹ سے شکست دیدی

Published: 12-06-2021

Cinque Terre

ابوظہبی(مانیٹرنگ ڈیسک)پی ایس ایل 6 کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 10 وکٹ سے شکست دیدی۔

ابوظہبی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے 18ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی شاندار بولنگ کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مقررہ 20 اوورز میں 133 رنز ہی بناسکی جس کے جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپننگ بلے بازوں نے مطلوبہ ہدف 10 اوورز میں پورا کرلیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کولن منرو اور عثمان خواجہ نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولرز کی خوب درگت بنائی۔ کولن منرو 36 گیندوں پر 90 رنز بناکر ناقابل شکست رہے ان کی اننگز میں 12 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے جب کہ عثمان خواجہ 41 رنز پر ناقابل شکست رہے۔

اس سے قبل اسلام آباد یوناٹئیڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے فاف ڈپلسی اور عثمان خان نے اننگز کا آغاز کیا، ڈپلسی صرف 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، عثمان خان نے 14 رنز بنائے۔

کپتان سرفراز احمد کی اننگز بھی 2 رنز تک محدود رہی، اعظم خان نے 26 رنز بنائے، آندرے رسل بھی 13 رنز بناسکے، محمد نواز 4 رنز بنائے، جیک ولڈرمتھ 9 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ جیک ویدرلڈ 43 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے محمد وسیم، محمد موسیٰ اور حسن علی نے 2،2 جب کہ عاقف جاوید اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔


اردو نیوزپیپر
انگلش نیوزپیپر
Wait..! Newspaper will be Update soon!.