اکتوبر 4, 2026

تحریک انصاف کا لکی مروت سے صوابی تک لانگ مارچ کا پہلا مرحلہ آج سے شروع کرنے کا اعلان

پشاور: پاکستان تحریک انصاف نے لکی مروت سے صوابی تک لانگ مارچ کے پہلے مرحلے کا اعلان کردیا، فی الحال اسلام آباد جانے کا کوئی پلان نہیں دیا گیا۔خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کے ٹوئٹ کے مطابق لانگ مارچک کا پہلا مرحلہ آج 4 اکتوبر سہ پہر ایک بجے لکی مروت کے گنڈی چوک سے ہوگا جہاں مختلف اضلاع سے آنے والے قافلے شریک ہوں گے۔اعلان کے مطابق اتوار 4 اکتوبر کو دوپہر ایک بجے ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، جنوبی وزیرستان، شمالی وزیرستان، بنوں اور لکی مروت کے قافلے گنڈی چوک لکی مروت سے لانگ مارچ میں شامل ہوں گے جبکہ رات قیام کرک کے قریب کیا جائے گا۔پیر 5 اکتوبر کو دوپہر 12 بجے کرک کے عوام بھی لانگ مارچ کا حصہ بنیں گے اور قافلہ ساڑھے 12 بجے وہاں سے روانہ ہو کر رات کوہاٹ کے قریب قیام کرے گا۔منگل 6 اکتوبر کو دوپہر 12 بجے کوہاٹ، ہنگو، کرم اور اورکزئی کے قافلے شریک ہوں گے۔ کوہاٹ سے قافلہ پشاور کی جانب روانہ ہوگا اور رات پشاور کے متنی کے قریب قیام کیا جائے گا۔بدھ 7 اکتوبر کو پشاور کے بڈھ بیر سے دوپہر ساڑھے 12 بجے قافلہ روانہ ہوگا، جہاں خیبر ضلع کے عوام بھی لانگ مارچ میں شامل ہوں گے۔ پشاور کے دیگر حلقوں کے قافلے کوہاٹ روڈ پل اور موٹروے ٹول پلازہ پر مارچ کا حصہ بنیں گے، جبکہ رات چارسدہ انٹرچینج کے قریب قیام ہوگا۔جمعرات 8 اکتوبر کو دوپہر ساڑھے 12 بجے چارسدہ انٹرچینج سے روانگی ہوگی، جہاں چارسدہ اور مہمند کے قافلے شامل ہوں گے۔اعلان کے مطابق 8 اکتوبر کو خیبرپختونخوا بھر کے عوام خیرآباد میں جمع ہوں گے اور وہیں رات قیام کریں گے۔ لانگ مارچ کے اگلے مرحلے کا اعلان بھی خیرآباد میں کیا جائے گا۔دوسری جانب خیبر پختونخوا پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ممکنہ لانگ مارچ کے لئے سیکورٹی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، جس جس ضلع میں قافلہ جائے گا وہاں ایس او پیز کے تحت سیکورٹی آرڈر جاری ہوگا۔پولیس حکام کے مطابق اہلکار امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر سیکورٹی پلان کے تحت تعینات کیے جائیں گے، ڈرونز اور سرویلنس کیمروں سے بھی سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا، امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر مارچ کے روٹس پر پولیس گشت بڑھایا دیا گیا ہے۔