اکتوبر 3, 2026

عسکری اور سیاسی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ دھرنے اور لانگ مارچ اسلام آباد سے دور ہونے چاہئیں، رانا ثنا

لاہور: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عسکری اور سیاسی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ دھرنے اور لانگ مارچ اسلام آباد سے دور ہونے چاہئیں۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی کو اپنے مطالبات کے لیے احتجاج کرنا ہے تو وہ پشاور، مردان، کراچی یا لاہور میں کرے۔انہوں نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ مقتدرہ مذاکرات سے خوش نہیں، مذاکرات کا فیصلہ صدر اور وزیراعظم نے کیا ہے اور اس عمل میں متعلقہ اداروں کو اعتماد میں لیا گیا ہوگا۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کسی اجلاس میں شریک نہیں ہوتے، اگر ان کا کوئی مؤقف ہے تو وہ وفاقی حکومت سے براہ راست بات کریں۔ اپوزیشن کو بھی لانگ مارچ سے گریز کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گورنر راج یا ایمرجنسی جیسے آپشنز ہمیشہ مخصوص حالات میں موجود ہوتے ہیں، اگر کسی صوبے میں سکیورٹی صورتحال خراب ہو اور صوبائی حکومت تعاون نہ کرے تو وفاق کے پاس اقدامات کرنے کے سوا کیا راستہ رہ جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی یا گورنر راج پسندیدہ اقدام نہیں اور صرف ناگزیر حالات میں ہی اس پر غور کیا جا سکتا ہے۔واضح رہے کہ سیاسی معاملات کے حل کے لیے حکومتی اور اپوزیشن وفود کے درمیان اسپیکر چیمبر میں مذاکرات ہوئے تاہم ابتدائی نشست میں کوئی پیشرفت نہ ہو سکی، فریقین نے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔