ستمبر 30, 2026

گلف کپ: کھلاڑی کا جشن عمانی ٹیم کو مہنگا پڑگیا، قرعہ اندازی میں قسمت کھل گئی

عمان نے عربین گلف کپ کے گروپ اے کے آخری مرحلے میں کویت کو 1-3 سے شکست دے کر سیمی فائنل کی امید روشن کی جب اسی دوران سعودی عرب نے عراق کو 0-2 سے ہرا دیا۔نتائج کے بعد عمان اور عراق دونوں کے چار، چار پوائنٹس ہوگئے اور گول فرق بھی منفی ایک رہا جبکہ دونوں کے درمیان گروپ میچ 1-1 سے برابر رہا تھا۔فیصلہ کن صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب مصعب الشقصی نے کویت کے خلاف عمان کا تیسرا گول کیا۔اس وقت فیئر پلے ریکارڈ کی بنیاد پر عمان کو عراق پر معمولی برتری حاصل تھی اور وہ سیمی فائنل میں جاتا دکھائی دے رہا تھا۔تاہم گول کا جشن مناتے ہوئے الشقصی نے اپنی شرٹ اتار دی، جس پر انہیں یلو کارڈ دکھایا گیا۔ اس کارڈ کے بعد دونوں ٹیموں کے ڈسپلنری پوائنٹس بھی برابر ہوگئے اور کوئی دوسرا اسپورٹنگ معیار انہیں الگ نہ کرسکا۔ٹورنامنٹ قوانین کے مطابق، پوائنٹس، باہمی نتیجے، گول فرق، گولز اور ڈسپلنری ریکارڈ سب برابر ہونے کی صورت میں قرعہ اندازی آخری فیصلہ کن معیار ہے۔یوں عمان نے قرعہ اندازی کے ذریعے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔