ستمبر 28, 2026

پرواز کے دوران پاور بینک میں اچانک آگ لگ گئی، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، طیارے کی ہنگامی لینڈنگ

جرمنی کے شہر فرینکفرٹ سے پرتگال کے دارالحکومت لزبن جانے والی لفتھوانزا کی پرواز کو دورانِ سفر ایک مسافر کے پاور بینک میں آگ لگنے کے بعد فرانس کے شہر لیون کی جانب موڑ دیا گیا۔ایئر بس طیارہ 198 مسافروں کو لے کر لزبن کی طرف محوِ پرواز تھا۔ مسافر کا پاور بینک نشست کے قریب اچانک گرم ہوا اور اس میں آگ بھڑک اٹھی۔ایئرلائن کے ترجمان کے مطابق کیبن عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جلتے ہوئے پاور بینک کو لیتھیم بیٹریوں کے لیے مخصوص حفاظتی بیگ میں محفوظ کرلیا۔ تاہم احتیاطی تدبیر کے طور پر پائلٹ نے پرواز کا رخ فرانس کے شہر لیون کی طرف موڑنے کا فیصلہ کیا، جہاں طیارہ بحفاظت لینڈ کرگیا۔ایئرلائن کے مطابق واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔ طیارے میں 198 مسافروں کے علاوہ عملے کے 6 ارکان بھی موجود تھے۔ لیون پہنچنے کے بعد مسافروں کو رات ہوٹل میں ٹھہرایا گیا اور اگلے روز متبادل پروازوں کے ذریعے ان کی لزبن روانگی کا انتظام کیا گیا۔پاور بینک میں استعمال ہونے والی لیتھیم بیٹریاں زیادہ گرم ہونے کی صورت میں آگ پکڑ سکتی ہیں، اسی لیے دورانِ پرواز ان کی حفاظت پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ایئر لائن گروپ نے 2026 کے آغاز سے اپنی پروازوں میں پاور بینک کے استعمال اور ان سے ڈیوائسز چارج کرنے پر پابندی بھی عائد کر رکھی ہے، جبکہ انہیں مخصوص حفاظتی شرائط کے تحت ساتھ لے جانے کی اجازت ہے۔اس واقعے کے باعث پرواز کے مسافروں کو اپنی منزل تک پہنچنے میں ایک رات کی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا، تاہم طیارہ اور تمام مسافر محفوظ رہے۔