انسٹنٹ میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ ایپ میں نیویگیشن بار کے نئے ڈیزائن کی آزمائش شروع کر دی ہے، جس میں بار کو فلوٹنگ اور گول کناروں کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔کمپنی کی جانب سے نیا ڈیزائن واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بِیٹا ورژن 2.26.38.10 میں آزمائش کے لیے پیش کیا گیا ہے۔ اس تبدیلی کے تحت نیویگیشن بار ایپ کے دیگر عناصر سے قدرے الگ اور نمایاں دکھائی دیتا ہے جبکہ اس کے کنارے گول رکھے گئے ہیں۔واٹس ایپ نے پہلی بار 2023 میں اپنے بِیٹا ورژن 2.23.10.6 کے ذریعے چیٹس، کمیونٹیز، اپ ڈیٹس اور کالز کو نیچے موجود نیویگیشن بار میں منتقل کیا تھا۔ تقریباً تین سال بعد کمپنی اسی حصے کے ڈیزائن میں ایک بار پھر تبدیلی کر رہی ہے۔نیا اینڈرائیڈ ڈیزائن واٹس ایپ کے آئی او ایس ورژن میں متعارف کرائے گئے فلوٹنگ ٹیب بار سے مشابہ نظر آتا ہے۔ تاہم، اینڈرائیڈ پر واٹس ایپ نے گوگل کے ڈیزائن اصولوں کو برقرار رکھا ہے۔فی الحال یہ تبدیلی واٹس ایپ کے لائٹ تھیم میں زیادہ نمایاں ہے جبکہ ڈارک تھیم میں اس کا اثر نسبتاً کم دکھائی دیتا ہے۔یہ تبدیلی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب متعدد اینڈرائیڈ صارفین موجودہ انٹرفیس کو مزید جدید بنانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔واٹس ایپ کی نئی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ واٹس ایپ بِیٹا انفو نے حال ہی میں ایکس پر صارفین سے موجودہ اینڈرائیڈ انٹرفیس کے بارے میں رائے بھی طلب کی تھی جس پر کئی صارفین نے جدید ڈیزائن کی خواہش کا اظہار کیا۔




