فلپائن کے جنوبی علاقے میں ایک ہائی اسکول میں 16 سالہ طالب علم کی فائرنگ سے 2 طلبا ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے جبکہ حملہ آور نے خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کرلی۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کو جنوبی فلپائن کے صوبے ساؤتھ کوٹاباٹو کے شہر بانگا میں واقع بانگا نیشنل ہائی اسکول میں پیش آیا۔بانگا کے میئر البرٹ پالینشیا نے بتایا کہ فائرنگ میں ہلاک ہونے والے دونوں طلبا کی عمر 14 سال تھی جبکہ حملہ آور کی عمر 16 سال تھی۔زخمیوں میں 4 کی حالت تشویش ناک بتائی گئی۔ یہ رواں سال جون کے بعد فلپائن میں اسکول میں فائرنگ کا تیسرا مہلک واقعہ ہے۔واقعے میں زخمی ہونے والے تمام افراد بھی طلبا تھے اور ان کی عمریں 14 سے 17 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔حملہ آور نے فائرنگ سے قبل دوپہر کے کھانے کے وقت اپنے دوستوں کو مبینہ طور پر بتایا تھا کہ وہ دوپہر کے بعد اپنا منصوبہ عملی جامہ پہنائے گا اور انہیں گھر جانے کا کہا تھا۔تاہم حملہ آوروں کے دوستوں نے اس کی بات کو سنجیدہ نہیں لیا کیونکہ وہ اسے مذاق کرنے والے شخص کے طور پر جانتے تھے۔حکام کے بقول طالب علم نے دوپہر کے بعد اسکول میں فائرنگ شروع کردی اور متعدد طلبا کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے بعد اس نے خود کو بھی گولی مار لی۔پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔تفتیش کاروں نے بتایا کہ حملے میں استعمال ہونے والا 9 ایم ایم پستول حملہ آور کے والد کی تھی جو محکمہ تعلیم میں ملازم ہیں۔پولیس اس بات کی بھی تحقیقات کر رہی ہے کہ نابالغ طالب علم کو ہتھیار تک رسائی کیسے حاصل ہوئی۔واقعے کے بعد بانگا کی پوری میونسپلٹی میں تمام سطحوں کی تدریسی سرگرمیاں معطل کردی گئی ہیں۔ فلپائن ریڈ کراس نے اطلاع ملنے کے بعد ایمبولینس اور چار طبی امدادی کارکن جائے وقوعہ پر بھیجے۔تفتیشی حکام اس امکان کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ حملہ آور کا آن لائن نامی گروپ سے تعلق تھا یا نہیں۔ تاہم اس تعلق اور فائرنگ کی ممکنہ وجہ کے بارے میں تحقیقات ابھی جاری ہیں، اس لیے کسی حتمی محرک کا تعین نہیں کیا گیا۔واضح رہے کہ فلپائن کے اسکولوں میں فائرنگ کے واقعات ماضی میں نسبتاً کم ہوتے تھے تاہم حالیہ مہینوں میں ایسے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔جون میں ایک ہائی اسکول میں فائرنگ سے 3 طلبا ہلاک اور تقریباً 20 زخمی ہوئے تھے جبکہ اگست میں بھی اسکول میں ایک طالبعلم نے کلاس روم میں ساتھی طالبعلم کو گولی مار کر ہلاک کرنے کے بعد خودکشی کرلی تھی۔




