فیصل آباد:فیصل آباد کی تاجر برادری نے فیصل آباد شہر کو الگ صوبہ بنانے کا مطالبہ کر دیا، تاجروں کے مطابق معاشی ترقی کے لیے نظام کی تبدیلی ناگزیر ہے۔تاجر برادری نے عوامی مسائل کے حل، بہتر گورننس اور انتظامی اصلاحات کے لیے فیصل آباد کو صوبائی حیثیت دینے پر زور دیا۔فیصل آباد کی تاجر برادری نے اسلام آباد کو خود مختار انتظامی یونٹ یا صوبائی حیثیت دینے کے اقدام کا بھی خیر مقدم کیا۔تاجر برادری نے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد میں کسی بھی نئے انتظامی نظام کے نفاذ سے قبل فیصل آباد ڈویژن کو صوبہ بنایا جائے۔ حکومتیں اور سیاسی چہرے بدلتے رہے لیکن عوامی، شہری اور ضلعی مسائل کا مؤثرحل نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ آزاد ہونے والے ممالک آگے نکل گئے اور ہم انتظامی ناکامیوں کے باعث پیچھے رہے، حکمرانوں اور چہروں کی تبدیلی سے مسائل حل نہیں ہوں گے اس لیے موجودہ انتظامی نظام میں بنیادی اصلاحات ناگزیر ہیں۔ تاجر برادری کا کہنا تھا کہ بہتر گورننس کے لیے اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنے اور انتظامی یونٹس کو مؤثر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، بہتر گورننس کے لیے اختیارات عوام کے قریب اور انتظامی یونٹس کو مؤثر بنانا ہوگا۔تاجر برادری کا مزید کہنا تھا کہ فیصل آباد ڈویژن کو صوبائی حیثیت ملنے سے عوام کو بہتر نمائندگی اور مسائل کا فوری حل میسر آئے گا۔




