یوٹیوب نے مشترکہ ٹی وی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے ایک نیا پرائیویسی فیچر متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے صارف اپنے یوٹیوب پروفائل کو چار ہندسوں کے کوڈ سے لاک کر سکے گا۔یوٹیوب کے سی ای او نیل موہن کے مطابق اکاؤنٹ لاک فیچر اب عالمی سطح پر متعارف کرایا جا رہا ہے۔ اس فیچر کی مدد سے گھر میں موجود دیگر افراد صارف کے پروفائل تک رسائی حاصل نہیں کر سکیں گے، نہ ہی اس کی سبسکرپشنز دیکھ سکیں گے اور نہ ہی ویڈیوز کی سفارشات تبدیل کر سکیں گے۔پروفائل لاک کرنے کے لیے ٹی وی پر یوٹیوب ایپ کی بائیں جانب موجود نیویگیشن بار میں سیٹنگز کے ذریعے یہ فیچر فعال کیا جا سکتا ہے۔ لیکن یہ لاک ہر ڈیوائس کے لیے الگ ہوگا یعنی اگر گھر میں دو مختلف ٹی وی یا ڈیوائسز پر یوٹیوب استعمال کیا جا رہا ہے تو دونوں پر الگ الگ لاک سیٹ کرنا ہوگا۔نئے فیچر کی خاص بات یہ ہے کہ صارف کو ہر مرتبہ ریموٹ سے چار ہندسوں کا کوڈ درج کرنے کی ضرورتنہیں ہوگی۔ لاک شدہ پروفائل منتخب کرنے کے بعد صارف اپنے موبائل فون پر موجود یوٹیوب ایپ کے ذریعے بھی اسے ان لاک کر سکے گا بشرطیکہ نوٹیفکیشن فیچر فعال ہو۔اگر صارف اپنا کوڈ بھول جائے تو ٹی وی اسکرین پر موجود ’فارگیٹ پاسورڈ‘ آپشن کے ذریعے اپنے گوگل اکاؤنٹ کی معلومات استعمال کرکے پروفائل کو دوبارہ ان لاک کیا جا سکتا ہے اور نیا کوڈ بھی سیٹ کیا جا سکتا ہے۔یوٹیوب نے واضح کیا ہے کہ یہ چار ہندسوں کا کوڈ حقیقی پاس ورڈ کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے کیونکہ اس فیچر کا مقصد صرف مشترکہ ڈیوائس پر صارف کی پروفائل پرائیویسی برقرار رکھنا ہے۔




