ستمبر 10, 2026

معدے کے بیکٹیریا کا آنتوں کے کینسر سے ممکنہ تعلق، تحقیق میں اہم انکشاف

ایک نئی تحقیق میں معدے میں عام طور پر پائے جانے والے بیکٹیریا ہیلیکو بیکٹر پائلوری اور آنتوں کے کینسر کے درمیان ممکنہ تعلق کی نشاندہی کی گئی ہے۔ہیلیکو بیکٹر پائلوری ایک عام جراثیم ہے جو معدے میں انفیکشن کا سبب بنتا ہے۔ اگرچہ زیادہ تر متاثرہ افراد میں کوئی واضح علامات ظاہر نہیں ہوتیں لیکن بعض افراد میں معدے کی جھلی میں سوزش یا السر پیدا ہوسکتا ہے۔ماہرین کے مطابق بڑی تعداد میں افراد اس بیکٹیریا سے بچپن ہی میں متاثر ہوجاتے ہیں اور یہ متاثرہ شخص کے لعاب، قے یا فضلے سے براہِ راست رابطے کے ذریعے منتقل ہوسکتا ہے۔ہیلیکو بیکٹر پائلوری کو پہلے ہی معدے کے کینسر کی ایک تسلیم شدہ وجہ قرار دیا جاچکا ہے۔ البتہ، آنتوں کے کینسر سے اس کا تعلق اب تک متنازع رہا ہے۔محققین نے اسی ممکنہ تعلق کا جائزہ لیتے ہوئے بیکٹیریا سے متاثر ہونے اور آنتوں کے کینسر کے کیسز کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا ہے۔تحقیق میں انکشاف ہوا کہ ہیلیکو بیکٹر پائلوری بیکٹیریا سے متاثر ہونے والے افراد میں آنتوں کے کینسر کا خطرہ ان افراد کے مقابلے میں 1.59 گنا زیادہ پایا گیا جو اس بیکٹیریا سے متاثر نہیں تھے۔تحقیق کے نتائج اس حوالے سے مزید تحقیقات کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہیں۔