ستمبر 9, 2026

پاکستان، مصر، سعودی عرب اور ترکیہ کا علاقائی امور پر قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق

اسلام آباد: پاکستان، مصر، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان علاقائی امور پر قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے پاک مصر دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی و برادرانہ تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار اور مصری وزیر خارجہ نے علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں نے علاقائی امور پر پاکستان اور مصر کے درمیان قریبی مشاورت جاری رکھنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان، مصر، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان علاقائی معاملات پر قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ اس مقصد کے لیے ریجنل فور (R4) کے وزرائے خارجہ کے ذریعے بھی علاقائی امور پر مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور ڈاکٹر بدر عبدالعاطی نے آئندہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ملاقات پر بھی اتفاق کیا ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ نیویارک میں آئندہ یو این جی اے اجلاس کے موقع پر ملاقات کریں گے۔