ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اپنی میسجز ایپ میں موجود نقص کو دور کر کے اپ ڈیٹ جاری کرنی شروع کر دی ہے۔رپورٹس کے مطابق گوگل میسجز میں کئی ہفتوں سے ایک سنگین خرابی کی شکایات سامنے آ رہی تھیں، جس میں ایپ بعض اوقات پرانی اور غیر متعلقہ چیٹس کے پیغامات نئی گفتگو میں ظاہر کر رہی تھی، جبکہ کچھ صارفین کے مطابق یہ پیغامات غلط افراد کو بھی بھیجے گئے۔گوگل نے اب اس مسئلے کی موجودگی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ خرابی دور کرنے کے لیے فکس جاری کر دیا گیا ہے، جو آئندہ چند ہفتوں میں تمام صارفین تک پہنچ جائے گا۔ گوگل نے صارفین کو گوگل میسجز کا تازہ ترین ورژن استعمال کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ابتدائی معلومات کے مطابق یہ مسئلہ خاص طور پر نئے فون میں پیغامات منتقل کرنے کے دوران سامنے آ سکتا ہے۔ متاثرہ صارفین کا کہنا تھا کہ ایپ بعض اوقات بالکل مختلف گفتگو کے پرانے پیغامات کو نئی تصاویر یا پیغامات کے ساتھ منسلک کر دیتی تھی۔معاملہ اس وقت زیادہ تشویشناک ہوگیا جب بعض صارفین نے دعویٰ کیا کہ یہ پرانے پیغامات محض اسکرین پر دکھائی نہیں دے رہے تھے بلکہ غلط وصول کنندگان تک بھی پہنچ گئے۔




