ستمبر 2, 2026

وزیراعظم کا بشکیک میں آتا بیئت یادگار کا دورہ، چنگیز ایتماتوف کی قبر پر چادر چڑھائی

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آتا بیئت میموریل کمپلیکس کا دورہ کیا، جہاں کرغزستان کے فرسٹ نائب وزیراعظم دانیار امان گیلدیئیئف اور وزیر ثقافت، اطلاعات و نوجوانوں میر بیک مامبیتالیئیف نے ان کا استقبال کیا۔وزیراعظم کی آمد پر دونوں اعلیٰ حکام نے ان سے ملاقات بھی کی۔ اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آتا بیئت میموریل کمپلیکس میں معروف ادیب چنگیز ایتماتوف کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔یاد رہے کہ چنگیز ایتماتوف معروف کرغز اور سوویت ادیب تھے، جنہیں کرغزستان کی ادبی اور ثقافتی تاریخ میں نمایاں مقام حاصل ہے۔وزیراعظم نے آتا بیئت میموریل کمپلیکس میں موجود یادگار پر بھی پھولوں کی چادر چڑھائی اور وہاں مدفون افراد کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے یادگار مقام پر موجود مختلف تاریخی نشانات اور وہاں مدفون اہم شخصیات کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کیں۔آتا بیئت میموریل کمپلیکس کرغزستان کا ایک اہم قومی اور تاریخی یادگاری مقام اور قبرستان ہے۔ آتا بیئت کے معنی ’ہمارے آباؤ اجداد کی قبر‘ ہیں، جبکہ یہ مقام ملک کی تاریخ اور قومی یادداشت میں خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔میموریل کمپلیکس میں کرغزستان کی متعدد معروف شخصیات کی قبریں موجود ہیں۔