اگست 29, 2026

ایف بی آر کی کارروائیاں: سیلز ٹیکس اور دیگر خلاف ورزیوں پر متعدد گاڑیاں اور سامان تحویل میں

ایف بی آر کے ماتحت ریجنل ٹیکس آفس حیدرآباد نے مختلف خلاف ورزیوں پر کارروائی کرتے ہوئے متعدد گاڑیاں اور سامان تحویل میں لے لیا۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق کارروائی سیلز ٹیکس قوانین اور ڈیجیٹل انوائسنگ کی خلاف ورزیوں پر کی گئی۔ایف بی آر نے بتایا کہ کارروائی سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کی دفعہ 40 سی، ڈیجیٹل انوائسنگ، تھرڈ شیڈول کی ضروریات اور قانون کی دیگر متعلقہ دفعات کی خلاف ورزیوں کے خلاف کی گئی۔کارروائی کے دوران گاڑی نمبر زیڈ-5061 کو کوئلے سمیت تحویل میں لیا گیا۔ گاڑی کے پاس نان ڈیجیٹل انوائس موجود تھی، جبکہ سپلائر بھی نان ایکٹو پایا گیا۔اسی طرح صنعتی مشینری لے جانے والی گاڑی نمبر سی-1320 کو بھی تحویل میں لیا گیا۔ ایف بی آر کے مطابق مینوفیکچرنگ یونٹ غیر رجسٹرڈ تھا، جبکہ گاڑی کے پاس سیلز ٹیکس کی درست انوائس یا متعلقہ دستاویزات موجود نہیں تھیں۔مزید یہ کہ پائپس لے جانے والی گاڑی نمبر ای-2141 بھی تحویل میں لی گئی، جس کے پاس نان ڈیجیٹل سیلز ٹیکس انوائس تھی۔دوسری جانب گاڑی نمبر سی-3436 اور جی ایل ٹی اے-6026 گھی لے کر جارہی تھیں، تاہم ان کے پاس سیلز ٹیکس انوائس موجود نہیں تھی۔ گھی کی پیکیجنگ پر زیادہ سے زیادہ خوردہ قیمت یعنی ایم آر پی بھی درج نہیں تھی۔ایف بی آر کے مطابق تحویل میں لی گئی گاڑیوں اور سامان کو مزید تصدیق اور تحقیقات کے لیے گودام منتقل کردیا گیا ہے۔ بعد ازاں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔