اگست 26, 2026

جاپانی وزیر اعظم کاکروچ کے مرنے پر اداس ہو گئیں

جاپان کی وزیراعظم سانائے تاکائچی نے اپنی سرکاری رہائش گاہ میں نظر آنے والے کاکروچ سے متعلق دلچسپ واقعہ شیئر کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ اسے ختم کیے جانے کے بعد انہیں کچھ اداسی اور تنہائی محسوس ہوئی۔جاپانی وزیراعظم کی سرکاری رہائش گاہ کے بارے میں طویل عرصے سے یہ افواہیں گردش کرتی رہی ہیں کہ وہاں بھوت موجود ہیں جس کی وجہ 1900 کی دہائی میں وہاں پیش آنے والے پُرتشدد واقعات کو قرار دیا جاتا ہے۔جاپانی وزیراعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنی سرکاری رہائش گاہ اور وہاں سے کام کرنے سے متعلق تفصیلی پوسٹس شیئر کیں جن میں انہوں نے ایک سوال کا مزاحیہ انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اب تک وہاں کوئی بھوت نظر نہیں آیا البتہ کاکروچ ضرور دکھائی دیا ہے۔سانائے تاکائچی کے مطابق ایک مرتبہ سرکاری رہائش گاہ میں کاکروچ دیکھ کر ان کی چیخ نکل گئی تھی لیکن وہ اسے خود مار نہیں سکیں کیونکہ ان کے ذہن میں دوبارہ جنم لینے کا خیال آگیا تھا۔وزیراعظم نے بتایا کہ انہوں نے امید کی تھی کہ کاکروچ خود ہی وہاں سے چلا جائے گا لیکن جب انہوں نے اپنے معاونین کو اس بارے میں بتایا تو عملے نے اسے غیر صحت بخش قرار دیتے ہوئے کیڑے مار دوا کا انتظام کر دیا اور اس کے بعد انہیں رہائش گاہ میں دوبارہ کوئی کاکروچ نظر نہیں آیا۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں اس بات پر سکون تو ملا لیکن ساتھ ہی کچھ اداسی اور تنہائی بھی محسوس ہوئی۔