اگست 25, 2026

عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق توہین عدالت کی پی ٹی آئی کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کردی گئی

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر بانی پی ٹی آئی کی بہن کی توہین عدالت کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کردی گئی۔ سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے توہین عدالت درخواست پر اعتراض عائد کردئیے، زرائع نے کہا کہ توہین عدالت کے الزام کا سامنا کرنے فریقین کیساتھ الزامات کی فہرست فراہم نہیں کی گئی۔بیرسٹر گوہر نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کا 18 اگست کا فیصلہ پر عمل درآمد نہیں ہوا، ہم نے توہین عدالت کی درخواست جلد سماعت کیلئے استدعا کی۔ان کا کہنا تھا کہ عوامی سہولت سینٹر پر میری رجسٹرار سپریم کورٹ سے ملاقات ہوئی، رجسٹرار سپریم کورٹ نے بتایا ہماری درخواست پر اعتراض عائد کیا گیا ہے، ہمیں توہین عدالت کی درخواست کی فائل واپس کردی گئی ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم اعتراض دور کرکے توہین عدالت کی درخواست دوبارہ دائر کریں گے، ہم چاہتے ہیں وہی بنچ آج ہی تشکیل دے دیا جائے تاکہ جمعرات کو سماعت ہو جائے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت بہت ضروری ہے، برائے مہربانی بانی پی ٹی آئی کی فیملی ممبران سے ملاقات کرائیں، ہم اپنا وعدہ پورا کر چکے ہیں۔بعد ازاں پی ٹی آئی کی توہین عدالت کی درخواست پر اعتراضات کو دور کردیا گیا، ذرائع نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے رجسٹرار سپریم کورٹ کی جانب سے عائد اعتراض کو دور کر کے درخواست دوبارہ دائر کردی گئی۔رجسٹرار سپریم کورٹ کی جانب سے توہین کے مرتکب افراد کوُالزامات کی فہرست نہ بھجنے کا اعتراض عائد کیا گیا تھا۔بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر عمران خان کی بہن عظمیٰ خان نے حکومت کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی جس میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر اطلاعات عطا تارڑ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔ درخواست میں عمران خان کو علاج کے لیے شفا اسپتال منتقل کرنے اور ان کے میڈیکل ٹیسٹ کرانے کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔ اس حوالے سے گزشتہ روز پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ سپریم کورٹ بھی آئے تھے تاکہ درخواست کو جلد سماعت کے لیے مقرر کروایا جا سکے۔