اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اڈیالہ جیل سے اسلام آباد کے نجی اسپتال میں طبی معائنے کے بعد واپس جیل پہنچا دیا گیا۔بانی پی ٹی آئی کو رات 12 بج کر 30 منٹ پر انتہائی سخت سکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے نجی اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ صبح 6 بج کر 5 منٹ پر انہیں واپس اڈیالہ جیل پہنچا دیا گیا۔جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو رات 12 بج کر 30 منٹ پر انتہائی سخت سکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے اسلام آباد کے ایک نجی ہسپتال لایا گیا۔وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے مطابق عمران خان کو شفا اسپتال نہیں لایا گیا بلکہ پمز اسپتال منتقل کیا گیا۔ہسپتال میں طبی معائنے اور ضروری طبی عمل کے بعد انہیں سخت سکیورٹی حصار میں واپس اڈیالہ جیل لایا گیا۔ جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی صبح 6 بج کر 5 منٹ پر اڈیالہ جیل پہنچے، جہاں انہیں ان کے مخصوص کمپاؤنڈ میں منتقل کردیا گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ رات سپریم کورٹ کے حکم پر بانی پی ٹی آئی کو سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل اسپتال قافلے کی صورت میں روانہ لایا گیا تھا عمران خان کے ہمراہ ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل اور بہن ڈاکٹر عظمی بھی تھیں۔ شفا انٹرنیشنل اسپتال میں سیکیورٹی انتظامات کے لیے آئی جی اسلام آباد شفا انٹرنیشنل اسپتال پہنچے جس کے بعد شفا اسپتال کے باہر سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی اور سیکیورٹی انتظامات کیے گئے۔بانی پی ٹی آئی کی آمد سے قبل شفا انٹرنیشنل اسپتال کی لائٹس بند کر دی گئیں اور اسپتال کے عملے کو بھی باہر آنے سے روک دیا گیا تھا۔اطلاعات کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی اسپتال پہنچے شفا انٹرنیشنل کے باہر سیکورٹی کلیرنس شروع کی اور روڈ پر کھڑی گاڑیوں کو لفٹر نے فٹ پاتھ پر رکھ دیا۔آئی جی کے ساتھ ڈی آئی جی سی ٹی او سمیت دیگر پولیس افسران موجود رہے، شفا انٹرنیشنل اسپتال کے ساتھ ملحقہ روڈ کو بند کردیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کا شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقلی پر پہلے طبی معائنہ کیا گیا، ڈاکٹروں کی 6 رکنی ٹیم نے طبی معائنہ کیا اور رپورٹس کا جائزہ لیا۔عمران خان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل اور بہن ڈاکٹر عظمیٰ بھی اس موقع پر اڈیالہ جیل کے اندر موجود تھے۔
اڈیالہ جیل کے اطراف سیکیورٹی سخت
عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے سے قبل اڈیالہ کے اردگرد سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے، پولیس نے اطراف کی تمام دکانیں جبکہ اندھیرے کیلیے اردگرد لگی لائٹس بھی بند کرادیں۔اس کے علاوہ اسلام آباد پولیس اسکواڈ کی دو گاڑیاں اڈیالہ جیل پہنچ گئیں۔جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کے علاج و میڈیکل سہولیات کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال کے مقررہ حصے کو سب جیل قرار دینے کے لیے محکمہ جیل خانہ جات کو احکامات موصول نہیں ہوئے۔جیل ذرائع کے مطابق کسی بلڈنگ کو سب جیل قرار دینے و عملہ تعینات کرنے کے لیے ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے احکامات ضروری ہیں، ابھی تک محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کو ایسے کسی قسم کے احکامات نہیں ملے نہ ہی اس کا علم ہے۔




