بھارت نے پہلے ٹیسٹ میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو 165 رنز سے شکست دے دی۔گال میں کھیلے گئے میچ کے پانچویں روز سری لنکن ٹیم 372 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 206 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔سست پچ پر بھارتی ٹیم کو سری لنکا کے مضبوط مڈل آرڈر کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تاہم بھارتی بولرز نے آخری مرحلے میں مقابلہ اپنے حق میں کرلیا۔سری لنکا کی جانب سے سونل دینوشا نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 84 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان دھننجایا ڈی سلوا نے بھی نصف سنچری اسکور کرکے بھارتی بولرز کو کافی دیر تک پریشان کیے رکھا۔تاہم 76ویں اوور میں دینوشا کی وکٹ حاصل ہوتے ہی میچ کا رخ تیزی سے بدل گیا۔ بھارت کے اسپنر مانو ستھر نے صرف 10 گیندوں کے اندر مزید چار وکٹیں حاصل کرکے سری لنکا کی مزاحمت ختم کردی۔مانو ستھر نے میچ میں مجموعی طور پر 10 وکٹیں حاصل کیں۔




