اگست 17, 2026

پاکستان ہاکی ٹیم کو ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں عالمی سطح پر شرمندگی کا سامنا

ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے افتتاحی میچ میں انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی ٹیم کو ایک غیر معمولی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔رپورٹس کے مطابق پاکستانی کھلاڑی پنالٹی کارنر کے دوران استعمال ہونے والا ضروری حفاظتی سامان ڈریسنگ روم میں ہی بھول گئے تھے۔مخالف ٹیم کو پنالٹی کارنر ملنے کے بعد معلوم ہوا کہ ضروری حفاظتی سامان میدان میں موجود ہی نہیں ہے جس پر عماد بٹ فوری طور پر ڈریسنگ روم کی جانب دوڑے اور کٹ لے کر آئے۔اس صورتحال میں ریفری نے قومی ٹیم کے کپتان کو گرین کارڈ دکھا کر 2 منٹ کے لیے میدان بدر کردیا۔سابق اولمپیئن سلمان اکبر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لکھا کہ بین الاقوامی ہاکی کے سب سے بڑے ایونٹ میں اس نوعیت کی غفلت نے ٹیم کی تیاری اور انتظامی نظم و ضبط پر سوالات کھڑے کردیے ہیں۔پنالٹی کارنر کے وقت حفاظتی سامان کھلاڑیوں کی سلامتی کے لیے انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے اس لیے اسے میدان میں موجود نہ ہونا ایک بڑی کوتاہی قرار دیا جارہا ہے۔ورلڈ کپ جیسے عالمی مقابلے کے لیے صرف حکمت عملی، فٹنس اور کھیل کی مہارت کافی نہیں ہوتیں بلکہ منظم اور پیشہ ورانہ رویہ بھی ضروری ہوتا ہے۔واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف میچ میں پاکستان کو 1-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔