اگست 17, 2026

جماعت اسلامی کا مطالبات کی منظوری تک دھرنے جاری رکھنے کا اعلان

کراچی: پیٹرولیم لیوی کیخلاف جماعت اسلامی کے دھرنے دوسرے روز بھی جاری ہیں، حافظ نعیم الرحمان نے مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔لاہور میں وزیر اعلیٰ ہاؤس جبکہ کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں گورنر ہاؤسز کے باہر دھرنوں میں کارکنان دوسرے روز بھی موجود ہیں۔امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم نے آج لاہور میں دھرنے کے مقام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ دھرنے پرامن طریقے سے جاری رہیں گے، شہریوں سے بھی اپیل ہے کہ وہ ان دھرنوں میں آئیں اور بتائیں کہ یہ لیوی بھتہ قبول نہیں ہے۔ حافظ نعیم نے کہا کہ جماعت اسلامی 25 کروڑ لوگوں کا مقدمہ لڑرہی ہے، جنگ کے دوران بہانہ بنا کر پٹرول کی قیمتیں بڑھائی گئیں، یہ کہتے ہیں آئی ایم ایف کی وجہ سے قیمتیں بڑھائیں، حکمران آئی ایم ایف کے غلام بن چکے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ پٹرول 225 روپے فی لیٹر کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے بریفنگ کے لیے کمیٹی بنائی ہے، ہم کمیٹی کو دعوت دیتے ہیں وہ لاہور میں آئیں ہم میزبانی کریں گے، یہ دھرنا کسی پارٹی یا کسی کی ذات کے لیے نہیں بلکہ عوام کے لیے ہے۔دوسری جانب کراچی میں گورنر ہاؤس کے باہر جماعت اسلامی کے دھرنے میں آج سہ پہر 3 بجے خواتین کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت فوری طور پر پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کرے، مہنگائی کا بوجھ عام آدمی کے کندھوں سے ہٹانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔