کینیڈا میں گھر سے فرار ہونے والا کچھوا دو ہفتے بعد بالآخر مل گیا۔صوبے مانیٹوبا میں گھر سے فرار ہونے والا 15 سالہ افریقی اسپرڈ کچھوا دو ہفتے بعد اپنے گھر سے تقریباً 20 کلو میٹر دور ایک نیچر ریزرو سے مل گیا۔اوک ہیمک مارش نیچر پریزرو کے حکام کے مطابق انہیں ریزرو میں کئی مرتبہ کچھوے کے دیکھے جانے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ یہ اطلاعات عملے کے لیے حیران کن تھیں کیونکہ کچھوے کی یہ نسل کینیڈا کی مقامی نہیں بلکہ صحرائے صحارا سے تعلق رکھتی ہے۔نیچر پریزرو کی ترجمان گیلین مالچک کے مطابق ابتدا میں عملے نے خیال کیا کہ شاید لوگ کسی عام اسنیپنگ ٹرٹل یا پینٹڈ ٹرٹل کو غلطی سے دیکھ رہے ہیں۔ بعض مواقع پر تو انہیں یہ بھی گمان ہوا کہ کوئی بڑا پتھر کچھوے جیسا دکھائی دے رہا ہے۔بعد ازاں گھومنے آئے ایک شخص نے جب اس جانور کی واضح تصویر بنا کر عملے کو دکھائی تو صورتحال بدل گئی۔ تصویر میں افریقی اسپَرڈ کچھوا صاف طور پر نظر آ رہا تھا، جس کے بعد حکام نے تصدیق کی کہ یہ واقعی غیر مقامی نسل کا کچھوا ہے۔تفصیلات کے مطابق یہ کچھوا (جسے مولی کے نام سے پکارا جاتا ہے) اپنے مالک کے گھر سے فرار ہونے کے تقریباً دو ہفتے بعد اتنی دور پہنچ گیا تھا۔




