اگست 13, 2026

لاہور سمیت پنجاب بھر میں موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری، اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ

لاہور سمیت پنجاب بھر میں 15 اگست تک موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا گیا جبکہ بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔پی ڈی ایم اے الرٹ کے مطابق لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاءالدین، گجرات، گجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، لیہ، بھکر، نورپور تھل، ساہیوال، پاکپتن، بہاولنگر، بہاولپور اور ڈی جی خان میں بھی بارش کا امکان ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ لاہور، راولپنڈی، گجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی اور پوٹھوہار ریجن میں بھی بارشوں کا امکان ہے جبکہ مری، گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات کر دی جبکہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا۔ ڈی جی کا کہنا تھا کہ بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی الرٹ رہے، برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ شہریوں سے التماس ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بوسیدہ اور کچے مکانات میں ہرگز رہائش نہ رکھیں۔ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔